آئی سی سی مینزٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جنوبی افریقا نے بھارت کا غرور خاک میں ملادیا ۔ سپر ایٹ مرحلے کے میچ میں ۔ بھارت کو پروٹیز کے ہاتھوں عبرتناک شکست ہوئی ہے ۔ جس کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کی سیمی فائنل خطرے میں پڑگئی ہے ۔
اتوار کو بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد کے نریندرا مودی گراؤنڈ کو جنوبی افریقا کی ٹیم نے بھارتی بیٹنگ کا قبرستان بنادیا ۔ پروٹیز کے 188 رنزکے ہدف کے تعاقب میں بھارتی سورما 111 رنزپرآؤٹ ہوئے اور 76 رنز سے شکست کا داغ لگوا بیٹھے ۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں رنز کے اعتبار سے بھارت کی یہ سب سے بڑی شکست ہے۔اس سے قبل 2010 کے ورلڈ کپ میں اسے آسٹریلیا کے ہاتھوں 49 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اس شکست کے بعد سپر 8 کے گروپ 1 میں شامل بھارت کا سیمی فائنل میں پہنچنے کا سفر مشکل ہوگیا۔ اس گروپ میں بھارت کے ساتھ جنوبی افریقا، ویسٹ انڈیز اور زمبابوے شامل ہیں اور ٹاپ 2 ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔
جنوبی افریقا سے 76 رنز سے شکست کے بعد بھارت کا نیٹ رن ریٹ بری طرح متاثر ہوا ہے۔ اس وقت بھارتی ٹیم کا نیٹ رن ریٹ منفی 3 ہے۔ بھارت کو زمبابوے اور ویسٹ انڈیز کے خلاف دونوں میچزبڑے مارجن سے جیتنے ہیں جبکہ دوسری ٹیموں کے نتائج بھی بھارت کی سیمی فائنل تک رسائی پر اثرانداز ہوسکتے ہیں ۔


