امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ ہونے والے اہم جوہری مذاکرات میں براہِ راست نہیں بلکہ بالواسطہ طور پر شامل ہوں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جوہری پروگرام سے متعلق مذاکرات جنیوا میں شروع ہونے جا رہے ہیں اور یہ بات چیت انتہائی اہم ہوگی۔
ٹرمپ کے مطابق ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے اور وہ امید رکھتے ہیں کہ تہران مذاکرات میں “معقول رویہ” اختیار کرے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر معاہدہ نہ ہوا تو اس کے نتائج سنگین ہوسکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق مذاکرات میں امریکی نمائندے ایرانی حکام سے ملاقات کریں گے جبکہ خطے میں کشیدگی کے باعث امریکا نے مشرقِ وسطیٰ میں اپنی فوجی موجودگی بھی بڑھا دی ہے۔
یہ مذاکرات امریکا اور ایران کے تعلقات کے مستقبل اور ممکنہ نئے جوہری معاہدے کے لیے نہایت اہم سمجھے جا رہے ہیں۔


