Latest News & Article

Post: کیماڑی میں پانی کی لائن پہنچ چکی، شاہراہِ بھٹو بندرگاہ تک جائے گی: محمد آصف خان

کیماڑی میں پانی کی لائن پہنچ چکی، شاہراہِ بھٹو بندرگاہ تک جائے گی: محمد آصف خان

کراچی: سندھ اسمبلی میں بجٹ 2026-27 پر بحث کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی محمد آصف خان نے کہا ہے کہ کیماڑی میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے اور علاقے میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کیماڑی میں پانی کی لائن پہنچ چکی ہے، جس سے علاقے کے عوام کو پانی کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) کے تحت نیٹو جیٹی پل کی تعمیر مکمل کی گئی، جو علاقے میں آمدورفت کی سہولت بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔

محمد آصف خان نے کہا کہ کراچی کی آبادی مسلسل بڑھ رہی ہے اور ملک بھر سے لوگ روزگار اور بہتر مواقع کی تلاش میں اس شہر کا رخ کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی متنوع آبادی اور مختلف برادریوں نے شہر کو ایک منفرد شناخت دی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سلطان آباد میں ایک ڈسپنسری قائم کی جا چکی ہے اور اب اسے مزید توسیع دے کر اسپتال میں تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ مقامی آبادی کو بہتر طبی سہولیات میسر آ سکیں۔

رکن اسمبلی نے کہا کہ ان کے حلقے میں جزائر سے متعلق مختلف ترقیاتی منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ علاقے میں مختلف کمیونٹیز آباد ہیں، تاہم قبرستان کے لیے زمین کی کمی ایک اہم مسئلہ ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے مواچھ گوٹھ کی جانب زمین مختص کرنے کا مطالبہ کیا۔

محمد آصف خان نے کہا کہ شاہراہِ بھٹو کو قیوم آباد سے بندرگاہ تک توسیع دی جائے گی، جس سے ٹریفک کے مسائل میں کمی آئے گی اور بھاری گاڑیوں کی آمدورفت مزید منظم ہو سکے گی۔ ان کے مطابق اس منصوبے سے ڈمپرز سے متعلق مسائل اور ان پر ہونے والی سیاست کا بھی خاتمہ ہوگا۔

انہوں نے جدید بسوں کی فراہمی پر سندھ حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوامی ٹرانسپورٹ میں بہتری شہریوں کے لیے ایک اہم سہولت ہے۔ اپنی تقریر کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی ترقیاتی سیاست اور عوامی خدمات کی بدولت کراچی سے کیماڑی تک پارٹی کی کارکردگی نمایاں نظر آئے گی

Share this post :

Facebook
Twitter
LinkedIn