Latest News & Article

Post: سندھ کے فلاح و بہبود کے لیے بہترین بجٹ پیش کیا گیا، دو لاکھ سے زائد خاندانوں کو سولر کٹس دی جائیں گی: تنزیلہ ام حبیبہ

سندھ کے فلاح و بہبود کے لیے بہترین بجٹ پیش کیا گیا، دو لاکھ سے زائد خاندانوں کو سولر کٹس دی جائیں گی: تنزیلہ ام حبیبہ

کراچی: سندھ اسمبلی میں بجٹ 2026-27 پر بحث کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی تنزیلہ ام حبیبہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے عوامی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے، جس سے مختلف شعبوں میں عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے دوران صوبے بھر میں دو لاکھ سے زائد خاندانوں میں سولر کٹس تقسیم کی جائیں گی، جس سے توانائی کے بحران اور بجلی کے بڑھتے اخراجات سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔
تنزیلہ ام حبیبہ کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی آبادی ملک کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے اور جب تک آبادی میں اضافے کی شرح کو کنٹرول نہیں کیا جائے گا، مسائل کا مکمل حل ممکن نہیں۔ انہوں نے اس سلسلے میں حکومت اور عوام کے درمیان تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہاؤسنگ اسکیم کے تحت 10 لاکھ خاندانوں کو گھر فراہم کیے جا چکے ہیں، جس سے غریب اور بے گھر افراد کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی آئی ہے۔
رکن اسمبلی نے بتایا کہ بجٹ میں سوشل پروٹیکشن کے لیے 13 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں تاکہ کمزور اور مستحق طبقات کو مزید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
تعلیم کے شعبے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر تعلیم کی جانب سے ٹیچر ہیلپ لائن کا آغاز ایک اہم اقدام ہے، جس کے ذریعے اساتذہ اور شہری اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں اور مسائل کے حل کے لیے فوری معاونت حاصل کر سکتے ہیں۔
تنزیلہ ام حبیبہ نے مطالبہ کیا کہ سندھ یونیورسٹی کے لاڑ کیمپس کو مکمل یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے، جبکہ ضلع بدین میں ڈرگ ری ہیبلیٹیشن سینٹر اور SIUT کی برانچ قائم کی جائے تاکہ مقامی عوام کو بہتر طبی سہولیات میسر آ سکیں۔

Share this post :

Facebook
Twitter
LinkedIn