Latest News & Article

Post: خیبر پختونخوا کا 21.5 کھرب روپے سے زائد کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا

خیبر پختونخوا کا 21.5 کھرب روپے سے زائد کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا

خیبر پختونخوا حکومت آئندہ مالی سال 2026-27 کے لیے 21.5 کھرب روپے سے زائد حجم کا بجٹ آج پیش کرے گی۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق صوبائی حکومت نے صحت، تعلیم، سیاحت، ماحولیات اور آمدن بڑھانے کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی ہے۔

صحت کے شعبے کے لیے 276 ارب 54 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جس میں 82 فیصد رقم جاری منصوبوں جبکہ 18 فیصد نئے منصوبوں کے لیے رکھی جائے گی۔

تعلیم کے شعبے میں پرائمری اور سیکنڈری تعلیم کے لیے 363 ارب روپے جبکہ اعلیٰ تعلیم کے لیے 45 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔

طلبہ کے داخلوں میں اضافے کے لیے 50 کروڑ روپے اور مفت درسی کتب کی فراہمی کے لیے 8.5 ارب روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

بجٹ میں ماحولیاتی منصوبوں پر بھی توجہ دی گئی ہے، جہاں گرین منصوبوں کے ذریعے 50 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

سیاحت کے فروغ کے لیے 12 ارب روپے سے زائد رقم مختص کرنے کی تجویز ہے، جبکہ عالمی بینک کے تعاون سے لاکھوں سیاحوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔

دستاویزات کے مطابق صوبائی حکومت نئے مالی سال میں اپنے وسائل سے 150 ارب روپے آمدن حاصل کرنے کی توقع رکھتی ہے۔

رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ میں صوبائی اخراجات 988 ارب روپے رہے، جن میں سے 431 ارب روپے تنخواہوں کی مد میں خرچ ہوئے۔

سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) کا حجم نظرثانی کے بعد 444 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔

Share this post :

Facebook
Twitter
LinkedIn