خیبر پختونخوا امور سے متعلق اطلاعات کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ صوبے میں گورنر راج ضرورت کے مطابق برقرار رہے گا اور اگر ضروری ہوا تو اسے آئندہ انتخابات تک بھی جاری رکھا جاسکتا ہے۔

اختیار ولی خان کا کہنا تھا کہ گورنر راج جتنی مدت ضروری ہوگا، نافذ رہے گا۔ ضرورت پڑنے پر اسے انتخابات تک بھی برقرار رکھا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے اور انتخابی عمل میں رکاوٹیں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے متعلق دعویٰ

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی صورتِ حال پر بات کرتے ہوئے اختیار ولی خان نے دعویٰ کیا کہ وزیراعلیٰ حفاظتی تحویل میں ہیں اور انہوں نے رضاکارانہ طور پر خود کو پیش کیا ہے۔

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ وزیراعلیٰ اور صوبائی اسمبلی کے ارکان عملاً پہلے ہی معطل ہوچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی اسمبلی کام نہیں کررہی، جبکہ خیبر پختونخوا کے وزرا حکومتی امور چلانے کے بجائے احتجاجی لانگ مارچ میں مصروف ہیں۔

اختیار ولی خان نے غیر جانب دارانہ احتساب کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی احتساب سے مستثنیٰ نہیں رکھا جائے گا۔

صدر مملکت کی گورنر راج اور ایمرجنسی کی منظوری

واضح رہے کہ ایک روز قبل صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتِ حال برقرار رکھنے کے لیے گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کی منظوری دی تھی۔

سرکاری تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکلز 232 اور 234 کے تحت صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کی سمری پر دستخط کیے۔

صدارتی اعلامیے میں صوبے میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافے اور سیکیورٹی کو درپیش سنگین خطرات کو غیر معمولی آئینی اقدامات کی وجوہات قرار دیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق سرکاری تنصیبات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے، جس سے امن و امان اور سیکیورٹی کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔

اعلامیے میں صوبائی حکومت پر دہشت گردی اور بدامنی سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات نہ کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا۔ اس کے علاوہ گورنر کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ صوبے میں آئینی نظام متاثر ہوا ہے اور صوبائی حکومت آئین کے مطابق کام نہیں کررہی۔