خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ایک خوارج دہشت گرد کو ہلاک کردیا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں اور وژن عزمِ استحکام کے تحت کی گئی۔ مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر کی جانے والی کارروائی میں فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والا ایک دہشت گرد مارا گیا۔

سیکیورٹی فورسز علاقے میں فتنۃ الخوارج کے کارندوں کی نقل و حرکت اور موجودگی پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ دہشت گردی کی ممکنہ کارروائیوں کو روکا جاسکے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جاری آپریشنز دہشت گرد نیٹ ورکس کو ختم کرنے اور شدت پسندوں کی نقل و حرکت محدود کرنے میں مؤثر ثابت ہورہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

بلوچستان میں سی ٹی ڈی آپریشن، 10 دہشت گرد ہلاک

دوسری جانب بلوچستان کے ضلع بارکھان میں محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے کم از کم 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق کارروائی ہفتے کے روز وادی راڑاشم میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کی گئی۔ علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ اطلاعات ملنے پر آپریشن شروع کیا گیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جبکہ آپریشن کے دوران سی ٹی ڈی کے دو اہلکار زخمی ہوگئے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق بلوچستان میں پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر سیکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔