کراچی: سندھ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن (سیپرا) کے متحرک رکن اور مرحوم صحافی خاور حسین کی پہلی برسی کے موقع پر سندھ اسمبلی آفس میں دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں ان کے اہلِ خانہ، صحافی ساتھیوں اور دیگر افراد نے شرکت کی۔
تقریب میں مرحوم خاور حسین کے والد چاطر رحمت باجوہ نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر مرحوم کی مغفرت اور بلندیٔ درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
خاور حسین کے والد نے اپنے بیٹے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ خاور حسین سندھ پرست صحافی تھے اور سندھ دھرتی سے والہانہ محبت کا اظہار سرِعام کرتے تھے۔ مجھے اس کے نڈر پن سے ڈر لگتا تھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیپرا کے نائب صدر حمید سومرو، جنرل سیکریٹری اکرم بلوچ، جوائنٹ سیکریٹری ارباب چانڈیو، آفس سیکریٹری سنجے سادھوانی، کے ایم عباسی، قاضی آصف، شبیر لاشاری، محمد علی نقرچ اور دیگر صحافیوں نے مرحوم خاور حسین کی پیشہ ورانہ خدمات اور صحافتی زندگی پر روشنی ڈالی۔
مقررین نے کہا کہ خاور حسین نے سانگھڑ سے کراچی آکر مختصر عرصے میں صحافت میں اپنا ایک نمایاں مقام بنایا۔ وہ ہر معاملے کو حقیقت کی نظر سے دیکھتے تھے اور کئی تحقیقاتی اسٹوریز کے ذریعے اپنی شناخت بنائی۔
شرکاء نے کہا کہ خاور حسین سندھ دھرتی سے بے پناہ محبت کرتے تھے اور اس محبت کا برملا اظہار بھی کرتے تھے۔ وہ نہ صرف قدرتی حسن بلکہ فطرت سے بھی گہرا لگاؤ رکھتے تھے۔
صحافی ساتھیوں کا کہنا تھا کہ خاور حسین کی پیشہ ورانہ خدمات، بے باکی اور خوش اخلاقی انہیں ہمیشہ اپنے ساتھیوں کے دلوں میں زندہ رکھے گی۔
دعائیہ تقریب کے اختتام پر مرحوم خاور حسین کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور خیرات کا بھی اہتمام کیا گیا۔




