کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر شہر بھر میں گردوں کے امراض کی بروقت تشخیص کے لیے یونین کونسل کی سطح پر کڈنی اسکریننگ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

میئر کراچی کے مطابق کراچی انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزز (KIKD) کی جانب سے کراچی کے مختلف علاقوں میں شہریوں کی گردوں سے متعلق اسکریننگ کی جائے گی۔ یہ پروگرام یونین کونسل چیئرمینز کے تعاون سے مختلف علاقوں میں منعقد کیا جائے گا۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ پروگرام کا بنیادی مقصد گردوں کے ممکنہ امراض کی بروقت تشخیص اور کراچی میں گردوں کے امراض سے متاثرہ شہریوں کی درست تعداد کا تعین کرنا ہے۔

ابتدائی اسکریننگ کے دوران ایسے شہریوں کی نشاندہی کی جائے گی جن میں گردوں کے مرض کے امکانات موجود ہوں، جس کے بعد ضرورت کے مطابق انہیں مزید طبی معائنے کے لیے متعلقہ مراکز پر بھیجا جائے گا۔

میئر کراچی نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد صرف اسکریننگ تک محدود نہیں بلکہ متاثرہ شہریوں کو مناسب رہنمائی، علاج اور ضروری طبی سہولیات کی فراہمی بھی بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسکریننگ کے نتیجے میں ایسے مریضوں کو متعلقہ طبی مراکز پر ریفر کیا جائے گا تاکہ انہیں بروقت علاج اور ضروری طبی سہولیات میسر آسکیں۔

گردوں کے امراض سے متعلق آگاہی مہم بھی شروع ہوگی:

بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے گردوں کے امراض سے متعلق آگاہی مہم بھی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے ذریعے شہریوں میں بیماری کی بروقت تشخیص، احتیاط اور صحت کے حوالے سے شعور اجاگر کیا جائے گا۔

مرتضیٰ وہاب کے مطابق کراچی انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزز میں کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں سے مریض علاج کے لیے آ رہے ہیں، جس سے گردوں کے امراض کے حوالے سے مؤثر طبی سہولیات کی ضرورت مزید واضح ہوتی ہے۔

میئر کراچی نے کہا کہ عوام کو معیاری اور بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے اسپتالوں اور طبی اداروں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے۔

ان کے مطابق یونین کونسل کی سطح پر اسکریننگ کا پروگرام شہریوں تک بنیادی طبی خدمات پہنچانے اور گردوں کے امراض کی بروقت نشاندہی میں اہم کردار ادا کرے گا۔