وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے حج 2027 کے لیے رجسٹریشن کے عمل کا باضابطہ افتتاح کر دیا اور نئی حج پالیسی کے اہم نکات کا اعلان کیا۔

انہوں نے بتایا کہ حج رجسٹریشن مکمل طور پر مفت ہوگی اور اس کے لیے کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔

رجسٹریشن کا عمل پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر مکمل کیا جائے گا۔

سردار محمد یوسف نے کہا کہ سرکاری اور نجی دونوں حج اسکیموں کے لیے رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے، جبکہ پیشگی رجسٹریشن کے بغیر حج 2027 کی درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ درخواست گزار کے پاس لازمی طور پر درست پاسپورٹ ہونا چاہیے، جس کی مدتِ معیاد 26 نومبر 2027 تک ہونا ضروری ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک ہی خاندان کے افراد مشترکہ طور پر رجسٹریشن کرا سکتے ہیں، جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی اس عمل میں حصہ لے سکیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ رجسٹریشن ملک بھر میں مقررہ بینکوں کے ذریعے کی جا سکتی ہے، جبکہ عوام کی سہولت کے لیے آن لائن رجسٹریشن کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

سردار محمد یوسف کے مطابق رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد ہی عازمین سرکاری یا نجی حج اسکیم میں سے کسی ایک کا انتخاب کر سکیں گے۔

حکومت نے خواہشمند عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ بروقت رجسٹریشن مکمل کر لیں۔ وفاقی کابینہ پہلے ہی حج پالیسی 2027 کی منظوری دے چکی ہے۔