کراچی: سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن مخدوم فخرالزماں نے بجٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی معیشت اس وقت مشکل حالات سے گزر رہی ہے، تاہم ان حالات کے باوجود حکومت نے ملازمین کی تنخواہوں اور پینشن میں اضافہ کر کے عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ بھر میں 30 چیسٹ پین یونٹس قائم کیے جا چکے ہیں، تاہم ضلع مٹیاری میں بھی ایک چیسٹ پین یونٹ قائم کیا جانا چاہیے تاکہ مقامی شہریوں کو دل کے امراض کے علاج کی بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔
مخدوم فخرالزماں نے مطالبہ کیا کہ مٹیاری اور حیدرآباد کے درمیان پیپلز بس سروس شروع کی جائے تاکہ عوام کو سستی اور معیاری سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام نہیں دے رہا، جس کے باعث قومی شاہراہوں کی حالت متاثر ہو رہی ہے۔
پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی نے مطالبہ کیا کہ سندھ سے حاصل ہونے والے ٹیکس کا مناسب حصہ سندھ پر ہی خرچ کیا جائے اور نیشنل ہائی وے کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو سفری مشکلات سے نجات مل سکے۔