کراچی: سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن علی احمد جان نے بجٹ پر بحث کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں کراچی کے حالات ایسے تھے کہ کھلاڑیوں کو بھی بکتر بند گاڑیوں میں لایا جاتا تھا، تاہم آج شہر میں حالات بہتر ہو رہے ہیں اور ترقیاتی کام جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گلشن معمار سے پیپلز بس سروس کا آغاز کیا گیا، جس سے عوام کو سفری سہولیات میسر آئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگ اپنی موٹر سائیکلیں کھڑی کرکے پیپلز بس کے ذریعے سفر کرتے ہیں، جو اس منصوبے کی کامیابی کا ثبوت ہے۔

علی احمد جان نے مطالبہ کیا کہ بنارس، منگھو پیر، اورنگی ٹاؤن اور گولیمار سمیت دیگر علاقوں تک بھی پیپلز بس سروس کو توسیع دی جائے تاکہ مزید شہری اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔

انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔

رکن اسمبلی نے کہا کہ ایک وقت تھا جب قطر اسپتال میں بعض افراد کے داخلے پر پابندیوں کی باتیں ہوتی تھیں، لیکن آج یہی اسپتال ہزاروں شہریوں کو طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قطر اسپتال میں جدید ٹراما سینٹر قائم کیا جائے تاکہ حادثات اور ہنگامی صورتحال میں مریضوں کو فوری علاج میسر آ سکے۔

علی احمد جان نے کہا کہ ضلع ویسٹ میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے اور عوام کو ان کے ثمرات مل رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنانے کے لیے ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گ