کراچی: سندھ اسمبلی میں بجٹ 2026-27 پر بحث کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی فاروق اعوان نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور ان کی ٹیم کو بجٹ پیش کرنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی خدمت کے سفر کو جاری رکھے گی اور آنے والے برسوں میں بھی صوبے کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
انہوں نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تنقید کرنے والوں کو دوسروں پر الزام تراشی سے پہلے اپنے طرزِ سیاست اور ماضی کا جائزہ لینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض سیاسی عناصر مختلف گروپوں کے سہارے سیاست کر رہے ہیں اور عوام ان کی حقیقت سے بخوبی آگاہ ہیں۔
فاروق اعوان نے کہا کہ پاکستان کے قیام میں مہاجر برادری اور مختلف طبقات کے افراد نے اہم کردار ادا کیا اور ان شخصیات کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے حکیم سعید، رئیس امروہوی اور جمیل الدین عالی سمیت دیگر شخصیات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ علم، ادب اور قومی خدمت کی روشن مثال تھے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی ایک متنوع شہر ہے جہاں اردو بولنے والوں سمیت مختلف قومیتوں کے لوگ آباد ہیں اور سب کو مل کر شہر کی ترقی کے لیے کام کرنا چاہیے۔
پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی نے ماضی میں کراچی میں بدامنی، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور دیگر جرائم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شہر کے عوام ان تلخ حقائق کو نہیں بھولے۔ انہوں نے بلدیہ فیکٹری سانحے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کے تمام حقائق سامنے آنے چاہئیں اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق جوابدہ بنایا جانا چاہیے۔
فاروق اعوان نے کہا کہ سندھ حکومت عوامی فلاح، ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان کے قیام کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور بجٹ میں شامل منصوبے صوبے کے عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے میں مددگار ثابت ہوں گے
Category:Latest




