زلزلے کے جھٹکے، سندھ حکومت الرٹ
کراچی (13 فروری 2026): سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے بعد صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی متحرک ہوگئی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ کے مطابق سندھ کے چند اضلاع میں زلزلے کی اطلاع موصول ہوئی ہے، تاہم ابتدائی رپورٹس کے مطابق کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ انہوں نے بتایا کہ لاڑکانہ، دادو اور دیگر متاثرہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے مسلسل رابطہ کیا جا رہا ہے اور صورتحال کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
سلمان شاہ کا کہنا تھا کہ معاون خصوصی برائے بحالی و ریلیف گیانچند ایسرانی کی ہدایات پر پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو اداروں کو بھی متحرک رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔


