زیر داخلہ سندھ کا گھوٹکی کے کچہ ایریا کا دورہ، میگا آپریشن ’’نجات مہران‘‘ پوری قوت سے جاری رکھنے کا اعلان گھوٹکی (نامہ نگار) وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے گھوٹکی کے علاقے رونتی میں قائم بند کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیکیورٹی انتظامات سمیت ضلع میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ موجود تھے۔ دورے کے دوران وزیر داخلہ سندھ نے واضح اور سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ’’جو سرینڈر نہیں کرے گا وہ مرے گا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکوؤں کو اب بھی موقع دیا جا رہا ہے کہ وہ قانون کے سامنے سرینڈر کر دیں، بصورتِ دیگر ریاستی رِٹ کو چیلنج کرنے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔ ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ کچہ ایریا میں ریاستی رِٹ کے قیام تک میگا آپریشن ’’نجات مہران‘‘ پوری قوت سے جاری رہے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی مزید تیز کی جا رہی ہے اور جلد ہی انہیں ’’بڑا سرپرائز‘‘ دیا جائے گا، جس کے لیے جدید ہتھیار، ایڈوانس ڈرونز اور جدید آلات کا آرڈر دے دیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی جاری ہے اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے سندھ پولیس کی قربانیوں کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پولیس فورس کو ہر ممکن وسائل فراہم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور رینجرز سندھ کا مورال بلند ہے اور کچہ ایریاز میں اگلے مورچوں کی جانب پیش قدمی ایک بڑا اور اہم اقدام ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ صرف دو مقامات کے علاوہ کچہ ایریاز تقریباً کلیئر ہو چکے ہیں اور کچے میں امن و امان کے قیام کا صدر پاکستان کا خواب جلد پورا ہوگا۔ وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے میگا آپریشن میں پولیس کو بھرپور حمایت حاصل ہے۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ناصر آفتاب نے وزیر داخلہ سندھ کو سکھر اور لاڑکانہ رینج سمیت اضلاع میں امن و امان کی موجودہ صورتحال پر جامع بریفنگ دی۔ بریفنگ کے مطابق کچہ آپریشن کے آغاز سے اب تک سکھر اور لاڑکانہ رینجز میں 27 ڈاکو ہلاک جبکہ 82 زخمی ہوئے ہیں۔ دونوں رینجز میں 78 ڈاکو گرفتار اور 152 ڈاکوؤں نے پولیس کے سامنے سرینڈر کیا۔ کارروائیوں کے دوران 17 مغویوں کو بازیاب جبکہ 87 ہتھیار قبضے میں لیے گئے۔ ڈی آئی جی نے بتایا کہ کچہ ایریا میں جاری میگا آپریشن میں جدید ٹیکنالوجی، ڈرون سرویلنس اور کیمروں کا مؤثر استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ ڈاکوؤں کی کمین گاہوں کو مسمار اور ان کے سہولتکاروں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔ آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ کچہ ایریا میں جاری میگا آپریشن جرائم کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔ پولیس فورس جدید حکمت عملی اور انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں کر رہی ہے اور اضلاع میں امن و امان بہتر بنانے کے لیے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچہ کے علاقوں میں پولیس کی موجودگی کو مستقل اور مضبوط بنایا جا رہا ہے۔


