میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد کے ہمراہ شہید فائر فائٹر فرقان کے گھر پہنچے اور اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔ اس موقع پر میئر کراچی نے شہید کی فیملی کو ایک کروڑ پچیس لاکھ روپے کا چیک دیا۔ میئر کراچی نے کہا کہ شہید فرقان نے جس بہادری اور جانفشانی سے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا، اس کی کوئی مثال نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور بلدیہ عظمیٰ کراچی شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہر وقت کھڑی ہے۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اعلان کیا کہ شہید کی ریٹائرمنٹ تک تنخواہ، گھر کی فراہمی، بیوہ کو ملازمت اور بچے کے تعلیمی اخراجات بلدیہ عظمیٰ کراچی برداشت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ کے ملازمین ہمارے اپنے بچوں کی طرح ہیں اور ان کے لیے ہر ممکن حد تک جائیں گے۔ میئر کراچی نے فائر اسٹیشنز کی بہتری کے لیے جاری اقدامات کا بھی ذکر کیا اور میونسپل کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ فائر بریگیڈ اسٹیشنز میں جاری ترقیاتی کام جلد مکمل کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ریسکیو آپریشنز مزید مؤثر بنائے جا سکیں۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر کراچی سمیرا حسین اور دیگر افسران بھی میئر کراچی کے ہمراہ موجود تھے۔


