Latest Article

Article: ڈیجیٹل ڈپلومیسی:سوشل میڈیا کے عہد میں خارجہ پالیسی کا بدلتا منظرنامہ

ڈیجیٹل ڈپلومیسی:سوشل میڈیا کے عہد میں خارجہ پالیسی کا بدلتا منظرنامہ

عصرِ حاضر میں سفارت کاری کے روایتی اصول تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں۔ وہ زمانہ بیت چکا جب خارجہ پالیسی بند کمروں، خفیہ مراسلوں اور محدود سفارتی ملاقاتوں تک محدود ہوا کرتی تھی۔ آج دنیا ایک “گلوبل ولیج” کی صورت اختیار کر چکی ہے جہاں معلومات کی ترسیل لمحوں میں سرحدیں عبور کر جاتی ہے۔ اسی بدلتی ہوئی دنیا میں سوشل میڈیا ایک طاقتور سفارتی ہتھیار کے طور پر ابھرا ہے جس نے نہ صرف سفارت کاری کے انداز کو تبدیل کیا بلکہ ریاستوں کے درمیان تعلقات، ترجیحات اور ابلاغ کی نوعیت بھی بدل دی ہے۔
ڈیجیٹل ڈپلومیسی، جسے عرفِ عام میں “ٹویٹر ڈپلومیسی” یا “سوشل میڈیا ڈپلومیسی” بھی کہا جاتا ہے، اب جدید خارجہ پالیسی کا ایک ناگزیر حصہ بن چکی ہے۔ عالمی رہنما، وزرائے خارجہ، سفارتی ادارے اور بین الاقوامی تنظیمیں ٹوئٹر، فیس بک، انسٹاگرام، یوٹیوب اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے براہِ راست عوام سے رابطہ قائم کر رہی ہیں۔ اس عمل نے سفارت کاری کو روایتی حدود سے نکال کر عوامی سطح تک پہنچا دیا ہے۔ اب حکومتی مؤقف صرف سفارتی بیانات تک محدود نہیں رہتا بلکہ ایک ٹویٹ، ویڈیو یا سوشل میڈیا پوسٹ بھی عالمی رائے عامہ کو متاثر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
سوشل میڈیا نے سفارت کاری میں رفتار، شفافیت اور عوامی شمولیت کو فروغ دیا ہے۔ ماضی میں کسی پالیسی بیان یا سرکاری ردِعمل کو عالمی سطح تک پہنچنے میں کئی دن لگ جاتے تھے، مگر اب چند سیکنڈز میں دنیا بھر کے کروڑوں افراد تک پیغام پہنچ جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کسی بھی عالمی بحران، جنگ، دہشت گردی کے واقعے یا سیاسی تنازع کے دوران سوشل میڈیا فوری ردِعمل کا سب سے مؤثر میدان بن جاتا ہے۔ ریاستیں نہ صرف اپنا مؤقف واضح کرتی ہیں بلکہ مخالف بیانیے کا جواب بھی دیتی ہیں اور عالمی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔
عالمی سیاست میں اس نئی سفارتی حکمتِ عملی کی کئی نمایاں مثالیں موجود ہیں۔ امریکہ، چین، روس، ترکی اور بھارت جیسے ممالک ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو اپنی خارجہ پالیسی کے مؤثر آلے کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ مختلف ممالک کے سربراہانِ مملکت اپنے بیانات، دوروں، معاہدوں اور پالیسی فیصلوں کا اعلان براہِ راست سوشل میڈیا پر کرتے ہیں۔ اس سے ایک طرف سفارت کاری میں فوریّت پیدا ہوئی ہے تو دوسری جانب عالمی سیاست میں “امیج بلڈنگ” اور “بیانیہ سازی” کی اہمیت بھی بڑھ گئی ہے۔
تاہم، اس برق رفتاری کے ساتھ کئی سنگین چیلنجز بھی جنم لے چکے ہیں۔ سوشل میڈیا پر غلط معلومات، فیک نیوز، سائبر پروپیگنڈا اور ڈیجیٹل مداخلت سفارت کاری کے لیے ایک بڑا خطرہ بن چکے ہیں۔ بعض اوقات ایک غیر ذمہ دارانہ بیان یا جذباتی ٹویٹ بین الاقوامی کشیدگی میں اضافے کا سبب بن جاتی ہے۔ اسی طرح ریاست مخالف عناصر اور بعض خفیہ نیٹ ورکس بھی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو افواہیں پھیلانے اور عوامی رائے کو گمراہ کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ لہٰذا ڈیجیٹل ڈپلومیسی میں تحمل، تدبر، تحقیق اور ذمہ داری پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہو چکی ہے
ڈیجیٹل پلیٹ فارمز نے پبلک ڈپلومیسی کو بھی نئی جہت عطا کی ہے۔ اب ریاستیں صرف حکومتوں سے روابط تک محدود نہیں رہتیں بلکہ براہِ راست عوام کے دل و دماغ تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ ثقافت، زبان، تعلیم، سیاحت، کھیل اور سافٹ پاور کے ذریعے ممالک اپنی مثبت تصویر دنیا کے سامنے پیش کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آج ایک مؤثر سوشل میڈیا مہم کسی بھی ملک کی عالمی ساکھ بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کے لیے ڈیجیٹل ڈپلومیسی ایک سنہری موقع بھی ہے اور ایک کڑا امتحان بھی۔ پاکستان عالمی سطح پر اپنے مؤقف، ثقافت، سیاحتی مقامات، اقتصادی امکانات اور امن پسند تشخص کو مؤثر انداز میں اجاگر کر سکتا ہے۔ خصوصاً مسئلۂ کشمیر، اسلاموفوبیا اور علاقائی امن جیسے حساس معاملات پر ڈیجیٹل سفارت کاری اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ تاہم اس کے لیے مربوط حکمتِ عملی، تربیت یافتہ افرادی قوت، مؤثر ڈیجیٹل بیانیہ اور ذمہ دارانہ ابلاغ ناگزیر ہیں۔
آج کی دنیا میں سفارت کاری صرف سفیروں، وزارتِ خارجہ یا بین الاقوامی اجلاسوں تک محدود نہیں رہی بلکہ ہر فرد کسی نہ کسی انداز میں عالمی بیانیے کا حصہ بن چکا ہے۔ ایک وائرل ویڈیو، ایک مؤثر ٹویٹ یا ایک مثبت ڈیجیٹل مہم بین الاقوامی رائے عامہ پر گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جدید دور میں ڈیجیٹل شعور، معلوماتی ذمہ داری اور مؤثر ابلاغ خارجہ پالیسی کے بنیادی ستون بنتے جا رہے ہیں۔
اگر دیکھا جائے توسوشل میڈیا نے خارجہ پالیسی کو جامد سے متحرک، خفیہ سے ظاہر شفاف اور محدود سے ہمہ گیر بنا دیا ہے۔ مستقبل کی سفارت کاری اب صرف سفارتی ایوانوں تک محدود نہیں رہے گی بلکہ یہ ایک وسیع ڈیجیٹل میدان کی صورت اختیار کر چکی ہے جہاں ہر لفظ، ہر تصویر اور ہر پیغام عالمی سیاست، تعلقات اور ریاستی مفادات پر اثر انداز ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ایسے میں وہی ممالک کامیاب قرار پائیں گے جو ڈیجیٹل دنیا کی طاقت کو حکمت، ذمہ داری اور دانشمندی کے ساتھ استعمال کریں گے

Share this post :

Facebook
Twitter
LinkedIn

Author: شاہ ولی اللہ جنیدی

Articles
[pt_view id="5e22087ncy"]