کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلاول ہاؤس کراچی میں ہوا ۔ صدر مملکت آصف علی زرداری، خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری اور پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور شریک ہوئیں ۔ جبکہ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو سمیت تمام اراکین کابینہ اور پی پی پی اراکین سندھ اسمبلی نے بھی شرکت کی ۔
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہم قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں، اس وقت جنگ کے حالات ہیں، ہمیں متحد رہنے کی ضرورت ہے ۔ صدر مملکت نے وزیراعلیٰ سندھ اور کابینہ کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا آپ اور آپ کی ٹیم بہت اچھا کام کررہی ہے، اچھے کاموں کے تسلسل کو جاری رکھیں ۔ انہوں نے سندھ اسمبلی کے اراکین کو ہدایت کی کہ عوام کی خدمت کے سلسلے کو جاری رکھیں، مشکل حالات میں بھی عوام کو جتنا ممکن ہوسکے ریلیف دیں ۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے خطاب کرتے ہوئے کہا اس وقت دنیا میں جنگ کے حالات ہیں، تمام سیاست دانوں کو ایک پیج پر ہونا چاہئیے، میں پاکستان پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کی کارکردگی سے خوش ہوں، مسائل کے باوجود سندھ کے وزیراعلی جس انداز میں صوبے کا مقدمہ لڑتے ہیں، وہ قابل تعریف ہے۔
پارٹی چیئر مین نے سانحہ گل پلازہ کے حوالے سے بیان میں کہا ہم آگ لگانے والے نہیں بلکہ آگ بجھانے والوں میں سے ہیں، سانحے کا مقابلہ کرنے والوں پر تنقید ناقابل فہم ہے۔ میئر مرتضی وہاب اس لئے ناقابل برداشت ہیں کیونکہ کچھ لوگ سندھ کے دارالحکومت میں جیالا میئر نہیں چاہتے، میں میئر مرتضی وہاب کی کارکردگی سے مطمئن ہوں، جلد کراچی میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ شروع ہوگا۔ سندھ حکومت اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن پروپیگنڈے کا جواب اپنی کارکردگی سے دے گی ۔


