نیویارک: امریکا میں پاکستان کے سفیررضوان سعید شیخ نے کہا ہےکہ پاکستان نے اپنی دیرینہ مثبت روایت کو برقرار رکھتے ہوئے سفارتی کوششیں سرانجام دی ہیں۔ امریکی نشریاتی ادارے این بی سی کے معروف پروگرام میٹ دی پریس سے گفتگو کرتے ہوئے رضوان سعید شیخ نے کہا کہ جنگ بندی اور مذاکراتی عمل کے حوالے سے اعلیٰ سطح پر سفارتی کوششیں جاری تھیں۔
انہوں نے کہا کہ سفارت کاری کے اس عمل میں پاکستان کو سعودی عرب، مصر، ترکیہ اور دیگر شراکت داروں کی حمایت و معاونت حاصل رہی، اسلام آباد میں شروع ہونے والے مذاکراتی عمل میں فریقین کا تعمیری جذبہ کار فرما رہا ہے، بات چیت اور افہام و تفہیم سے معاملات کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔
رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان بنیادی طور پر ایک سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے، تصفیہ طلب معاملات کے حل کی ذمہ داری بہر طورمتعلقہ فریقین کی ہے، معاملے کے حل کے حوالے سے پاکستان اور عالمی برادری نیک خواہشات کا اظہار کر رہی ہے، اس وقت سفارت کاری کو بھرپور موقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔


