کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) مغربی ہواؤں کے زیر اثر ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ خیبرپختونخوا میں دریاؤں میں طغیانی اور مختلف حادثات میں نو جبکہ بلوچستان میں اٹھ بچوں سمیت بارہ افراد جاں بحق ہوگئے ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مغربی ہواؤں کا ایک اور برساتی سسٹم بلوچستان میں داخل ہوگا جبکہ 6سے 7اپریل کو کراچی سمیت سندھ میں بارشوں کا امکان ہے۔
اطلاعات کے مطابق کرم ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر پارہ چنار میں پل سے ملحق سڑک بہہ گئی ۔ شمالی وزیرستان میں دریائے ٹوچی اوربنوں میں دریائے کرم میں طغیانی آگئی جس سے کچے مکانات منہدم ہوگئے۔ دریائے کرم کے کنارے باسیوں کو گھر خالی کرنے کی ہدایت کی گئی ۔ خیبرمیں گاڑی بہہ گئی،3لاشیں نکال لی گئیں جبکہ مختلف حادثات میں ایک بچے سمیت 6افراد جاں بحق ہو گئے۔
بلوچستان میں حالیہ بارشوں سے8بچوں سمیت 12قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ چھتیں ، دیواریں منہدم ، کئی املاک سیلابی ریلے میں بہہ گئیں ۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں اسلام آباد میں بارش کے ساتھ اولے بھی پڑے ، راولپنڈی ، مری اور مانسہرہ میں بھی تیز بارش ہوئی۔ جنوبی پنجاب میں حالیہ بارشوں اور ژالہ باری کے باعث گندم کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ۔ ادھر بالائی علاقوں میں بارش کے علاوہ برف باری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ناران سوات ،بابوسرٹاپ نانگا پربت پر برف کے گالے ،پہاڑوں کی چوٹیوں پر برف کی سفید ی چھا گئی
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ ہفتے بارش اور برف باری کی پیش گوئیکی ہے ۔ ،پنجاب اور اسلام آباد میں 6 سے 9 اپریل کے دوران بارشیں ہوں گی۔ مغربی ہواوں کا ایک اور سلسلہ بلوچستان میں داخل ہونے والا ہے جس سے 6 سے 7 اپریل کو کراچی سمیت سندھ میں بارشوں کا امکان ہے ۔


