کراچی: سندھ حکومت نے کراچی میں پی ایس ایل کے میچز کے لیے پاک فوج کی سکیورٹی مانگ لی ۔ اس ضمن میں وزارت داخلہ کو مراسلہ بھی ارسال کردیا گیا ہے ۔ کراچی میں آٹھ سے اٹھائیس اپریل تک پاکستان سپر لیگ کے میچز شیڈول ہیں ۔
پاکستان سپر لیگ گیارہ کا کرکٹ میلہ 26 مارچ سے لاہور میں جاری ہے ۔ وفاقی حکومت کی مشرق وسطیٰ جنگ کے تناظر میں کفایت شعاری مہم کے تحت یہ میچز گراؤنڈ میں تماشائیوں کے بغیر کیے جارہے ہیں ۔ 8 اپریل سے یہ میچز کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے اور28 اپریل تک جاری رہیں گے ۔
سکیورٹی کے ضمن میں حکومت سندھ جہاں پولیس ، رینجرز سکیورٹی پر مامور کیا ہے وہیں نجی سکیورٹی گارڈز کمپنیوں کی خدمات بھی حاصل کرلی ہیں ۔ تاہم ملکی اور غیر ملکی کرکٹرز کے سکیورٹی انتظامات کو فول پروف بنانے کے لیے پاک فوج کی خدمات بھی طلب کرلی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے اس ضمن میں وزرات داخلہ کو مراسلہ ارسال کیا ہے ۔ جس میں میچز کے دوران فوج کے جوانوں کی تعیناتی کی درخواست کی گئی ہے ۔


