کراچی (رپورٹ: ظہیراعوان) ملک میں مٹی کا تیل یا کیروسین آئل اس وقت عام شہریوں کے زیر استعمال سب سے مہنگا ایندھن بن چکا ہے ۔ مشرق وسطیٰ میں جنگ شروع ہونے کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 بار اضافہ ہوچکا ہے ۔ رواں برس 7 مارچ سے اب تک مٹی کے تیل کی فی لٹر قیمت میں تقریباً 245 روپے کا اضافہ ہوچکا ہے ۔
مٹی کے تیل نے188 روپے 73 پیسے فی لٹرکی سطح سے اڑان بھرنا شروع کی ۔ وفاقی حکومت نے07مارچ کواس کی قیمت میں یکمشت 130 روپے 8 پیسے کا بڑااضافہ کیا ۔ نئی قیمت 318 روپے 81 روپے تک پہنچ گئی ۔ 16 مارچ کو دوبارہ مٹی کی تیل کی قیمتوں کو39 روپے 20پیسے کا جھٹکا دیا گیا ۔ قیمت 358 روپے1 پیسےفی لٹرہوگئی ۔21 مارچ کو ایک بار پھر مٹی کا تیل مہنگا ہوا اس بار70روپے73 پیسے بڑھائے گئے ۔ اور فی لٹر قیمت 428 روپے 74 پیسے تک جاپہنچی ۔ گزشتہ روز حکومت نے پٹرول ڈیزل کی قیمت تو برقراررکھیں لیکن مٹی کا تیل پھر4 روپے 66 پیسے مہنگا کردیا ۔ اب اس کی نئی قیمت 433 روپے 40 پیسے ہوچکی ہے ۔
مٹی کے گھریلواستعمال کی بات کی جائے تو دوردرازاوردشوارگزارعلاقوں میں مٹی کا تیل آج بھی چولہوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔ زراعت کے شعبے میں اسے پانی کے چھوٹے پمپ، انجن چلانے اور کیڑے مار ادویات کے ساتھ ملا کر بھی استعمال کیا جاتا ہے ۔ صنعتی طور پر مٹی کا تیل مشینوں کی صفائی اوربعض اوقات ایندھن کے طور پراستعمال ہوتا ہے ۔ اسی طرح موٹرسائیکل اور کار مکینک بھی مٹی کے تیل کو انجن میں صفائی اور نٹ بولٹس اور دیگر پارٹس کو دھونے کے لیے استعمال کرتے ہیں ۔ گھروں کو پینٹ کرنے کے لیے بھی تارپین کے بجائے مٹی کے تیل کا استعمال عام ہے ۔
دوسری جانب مٹی کے تیل سے تیار ہونے والے ہوائی جہازوں کے ایندھن جے پی فیول کی قیمتوں میں 241 روپے کا بڑا اضافہ ہوا ہے ۔ جیٹ فیول 176 روپے سے بڑھ کر 417 روپے فی لیٹر تک جاپہنچا ہے ۔ جس کی وجہ متعدد ایئر لائنز کے کرایوں میں 100 فیصد تک اضافہ ہوگیا ۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق تمام ایئرلائنزنے فضائی کرایوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ بھی کردی، پی آئی اے کے کرایوں میں 10 سے 100 ڈالر تک کا اضافہ ہوا ہے، پی آئی اے کی مقامی پروازوں پر 10 ڈالر فیول سرچارج عائد کردیا گیا۔ بین الاقوامی سفر کی بات کی جائے تو کینیڈا کے روٹس پر100 ڈالر تک فیول سرچارج لاگو کیا جارہا ہے، برطانیہ جانے والی پروازوں پر75 ڈالر اضافی وصول ہورہا ہے، سعودی عرب اور گلف روٹس پر 50 ڈالرتک سرچارج عائد کردیا گیا ہے ۔ نجی ایئرلائنز نے 15 سے 150 ڈالر تک اضافی چارجز نافذ کردیئے، خلیجی فضائی حدود کی بندش سے پاکستانی ایئرلائنز پر دباؤ بڑھ گیا۔
ایندھن کی نئی قیمتوں کے نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی فی لٹر قیمت 321 روپے 17 پیسے برقراراورڈیزل کی فی لٹر قیمت 335 روپے 86 پیسے برقرارہے۔ حکومت آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو پرائس ڈفرنشل کلیمز کی مد میں پٹرول پر95 روپے 59 پیسے فی لٹرجبکہ ڈیزل پر203 روپے 88 پیسے فی لٹر ادا کرے گی ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جمعے کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے قیمت نہ بڑھانے کا اعلان کیا ۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عید کے خوشیوں بھرے لمحات میں قیمتوں میں اضافے کی تجویز رد کردی۔ پٹرول کی قیمت میں 50 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 74 روپے اضافے کی تجویز دی گئی تھی ۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ روکنے کیلئے 69 ارب خرچ کر چکے ہیں۔


