کراچی: کراچی میں ہیوی ٹریفک نے عید کے تیسرے روز بھی عوام کو نہ بخشا ۔ کورنگی روڈ پرڈیفنس موڑ کے قریب خوفناک ٹریفک حادثہ ہوا ۔ واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سواردو افراد کو کچل دیا ۔ پولیس اورریسکیو ٹیم میں جائے وقوع پر پہنچیں ۔ ٹینکر کے پہیوں میں پھنسی ہوئی لاشیں نکال کر جناح اسپتال منتقل کی گئیں ۔ مرنے والوں میں بیس سالہ نوجوان اور بارہ سالہ لڑکا شامل ہے۔ جن کی شناخت نہیں ہوسکی ۔ پولیس نے ٹینکر تحویل میں لے کر تھانے منتقل کردیا ۔
دوسری جانب اتوار کی رات ماری پورروڈ پاور ہاؤس کے قریب ۔۔ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے زخمی نوجوان سول اسپتال میں دم توڑ گیا۔ جاں بحق نوجوان کی شناخت پچیس سالہ ناصرکے نام سے ہوئی ۔
چھیپا ریسکیو کے مطابق ۔ رواں برس ۔ ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر دو سو اکتالیس افراد جان کی بازی ہار گئے ۔ جبکہ دو ہزار چار سو سے زائد زخمی ہوئے ۔ سال کے بیاسی دنوں میں صرف ہیوی ٹریفک کی بات کی جائے تو اموات کی تعداد 80 سے زائد ہے ۔ ان میں سب سے زیادہ سینتیس اموات ٹریلر کی ٹکر سے ہوئیں ۔ دوسرے نمبر پر واٹر ٹینکر سے کچل کر تیئس افراد جاں بحق ہوئے ۔


