کراچی: ملک کے معروف گلوکارحسن جہانگیرنے انکشاف کیا ہے بھارت کی پاکستان مخالف فلم دھریندر میں ان کے مشہور زمانے گانے ہواہوا اے ہوا ، کے لیے انہیں پچاس ہزار ڈالر یعنی ایک کروڑ چالیس لاکھ پاکستان روپے کی ادائیگی کی گئی ۔ حسن جہانگیرنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ “ہوا ہوا” کو ریلیز ہوئے تقریباً 40 سال گزر چکے ہیں لیکن اس کی مقبولیت آج بھی برقرارہے اورفلموں میں استعمال ہونے کی وجہ سے نئی نسل بھی اسے سن رہی ہے۔
گلوکار نے اپنے 1980 کی دہائی کے سنہری دور کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ اس زمانے میں ان کا گانا صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ بھارت میں بھی بے حد مقبول تھا۔ انہوں نے بتایا کہ بالی ووڈ اداکار گووندا بھی اس گانے کے حصے گنگنایا کرتے تھے۔ حسن جہانگیر نے یہ بھی بتایا کہ جب وہ بمبئی گئے تو وہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا اور لوگ اس گانے کو بہت پسند کرتے تھے۔
حسن جہانگیر کے مطابق “ہوا ہوا” ایک ایسا گانا ہے جس نے چار دہائیوں تک اپنی مقبولیت برقرار رکھی ہے اور آج بھی مداح اسے سن کر لطف اندوز ہوتے ہیں۔


