loader image

Latest News & Article

Post: سول اسپتال کراچی کے لیے 100ارب روپے کے جامع ماسٹر پلان کی اصولی منظوری

سول اسپتال کراچی کے لیے 100ارب روپے کے جامع ماسٹر پلان کی اصولی منظوری

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سول اسپتال کراچی کی ترقی اور جدید خطوط پر استوارکرنے کے لیے 100ارب روپے کے جامع ماسٹر پلان کی اصولی منظوری دے دی ۔ اس میں حکومت سندھ کی جانب سے50ارب روپے کی گرانٹ بھی شامل ہےجبکہ عبد الستارایدھی میڈیکل ٹاورپرفوری طورپرکام شروع کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں وزیرصحت ڈاکٹرعذرا فضل پیچوہو، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ نجم شاہ، سیکرٹری خزانہ فیاض جتوئی، سیکرٹری صحت طاہرسانگی، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول اسپتال ڈاکٹرخالد بخاری اورڈائریکٹرڈاکٹردبیرشریک ہوئے۔ اجلاس میں معروف مخیر حضرات فیصل ایدھی، مشتاق چھاپڑا، ڈاکٹر سعد خالد نیاز اور شاہد عبداللہ بھی موجود تھے۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ منصوبے کا مقصد سول اسپتال کراچی کو عالمی معیار کے طبی مرکز میں تبدیل کرنا ہے۔ اس توسیعی منصوبے کے تحت اسپتال میں موجودہ 2,142 بستروں کے علاوہ مزید 500 نئے بستر شامل کیے جائیں گے۔ اسپتال کے مجموعی رقبے میں نمایاں اضافہ کیا جائے گا۔ خستہ حال عمارتوں اور کم استعمال ہونے والی کھلی جگہوں کی جگہ جدید عمودی ٹاورز تعمیرکیے جائیں گے۔ ان ٹاورز میں ایک مخصوص میڈیکل ٹاور اورسرجیکل وارڈ قائم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ نیا آؤٹ پیشنٹ ڈپارٹمنٹ، برنس وارڈ اورجیل وارڈ بھی قائم کیے جائیں گے۔ جدید مردہ خانہ اورویسٹ مینجمنٹ کے نظام ، انتظامی بلاکس اور نرسوں و ڈاکٹروں کے لیے خصوصی ہاسٹلز بھی منصوبے کا حصہ ہوں گے۔ اسپتال کے اطراف یعقوب خان روڈ اوربیزنجی روڈ کو کشادہ کیا جائےگا تاکہ ایمبولینسوں کی آمدورفت میں آسانی ہواورمریضوں کی منتقلی میں سہولت فراہم کی جا سکے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منصوبے پر عمل درآمد کی نگرانی اور اسے تیز کرنے کے لیے سرکاری اور نجی شعبے کے پیشہ ور افراد پر مشتمل ایک بورڈ تشکیل دیا جائے گا۔

Share this post :

Facebook
Twitter
LinkedIn