loader image

Latest News & Article

Post: پیر تک تیل کے تین بحری جہاز پہنچ جائیں گے، سندھ اور وفاق مل کر ذخیرہ اندوزی روکیں گے

پیر تک تیل کے تین بحری جہاز پہنچ جائیں گے، سندھ اور وفاق مل کر ذخیرہ اندوزی روکیں گے

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب اوروزیرپٹرولیم علی پرویزملک نے اہم ملاقات کی، جس میں مشرق وسطیٰ میں جاری جنگی صورت حال کے پیش نظر ملک میں توانائی پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی ، تیل کی ذخیرہ اندوزی روکنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

سندھ اوروفاق کی ٹیموں نے توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے بچت کے ہنگامی اقدامات پر بھی غور کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا توانائی کے ذمہ دارانہ استعمال اورعوامی تعاون کی ضرورت ہے،قومی معیشت کا پہیہ چلتا رکھنا حکومت کی ترجیح ہے ۔اجلاس میں زیرغور تمام تجاویز کابینہ میں زیربحث لائیں گے ۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق وفاقی وزرا نے وزیر اعلیٰ مرادعلی شاہ کو تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے اورایندھن ذخائرپرتفصیلی بریفنگ دی ۔ وفاقی وزرا نے خدشہ ظاہر کیا کہ مشرق وسطیٰ تنازع بڑھا تو خام تیل 120 ڈالر فی بیرل تک جا سکتا ہے ۔ پیرکو پٹرول کے تین جہازپاکستان پہنچنے کی توقع ہے۔ پٹرول پمپوں پرذخیرہ اندوزی کا خدشہ ہے۔ ایندھن ذخائر کی نگرانی کے لیے صوبوں کے ساتھ مشترکہ ڈیش بورڈ تیارکر رہے ہیں ۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ ذخیرہ اندوزی روکنے کے لیے وفاق اور صوبوں میں رابطہ بڑھایا جائیگا۔

وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے بتایا وفاقی حکومت عالمی توانائی منڈیوں کی مسلسل نگرانی کررہی ہے، تیل قیمتوں کے مالی اثرات سے نمٹنے کے لیے متبادل منصوبے تیارکیے جا رہے ہیں ۔ قطرکے فورس میجر اعلان سے ایل این جی سپلائی متاثرہونے کا خدشہ ہے جبکہ اندیشہ ہے کہ اس صورت حال میں پاکستان کا ماہانہ تیل درآمدی بل 600 ملین ڈالر تک بڑھ سکتا ہے ۔ وفاقی وزراء کا کہنا تھا۔ سعودی عرب، عمان اور یو اے ای سے متبادل ایندھن سپلائی پر سفارتی رابطے جاری ہیں۔ آبنائے ہرمزکے علاوہ راستوں سے تیل سپلائی یقینی بنانے کی کوششیں کر رہے ہیں ۔ آئی ایم ایف سے پٹرولیم لیوی میں ریلیف کی درخواست کرینگے ۔ توانائی صورتحال سے نمٹنے کے لیے وفاق اور صوبوں میں قریبی رابطہ جاری رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا

Share this post :

Facebook
Twitter
LinkedIn