لاہور: مشہور یوٹیوبر اور فیملی وی لاگر رجب بٹ نے اہلیہ سے علیحدگی کا اعلان کردیا ۔ حالیہ پوڈ کاسٹ میں رجب بٹ نے کہا کہ اس شادی سے ان کی بس ہوچکی ہے ، اب اس رشتے کو بچانے کے لیے مزید کوئی کوشش نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا وہ منافقت کی دوستی اور رشتہ نہیں چلا سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ کیوان میرا بیٹا ہے اور ہمیشہ رہے گا، میرا جو کچھ بھی ہے وہ بیٹے کا ہے مجھے اس سے ملنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ یوٹیوبر نے کہا کہ اہلیہ نے مبینہ طور پر میری والدہ پر پرفیوم چوری کا الزام لگایا اور بہت سے میسجز ایسے ہیں جو میں شیئر نہیں کرسکتا، میں والدین پر ایک سال کی بیوی کا انتخاب نہیں کرسکتا۔
رجب بٹ نے دسمبر 2024 میں ایمان فاطمہ سے شادی کی جس کی تقریبات سوشل میڈیا پروائرل ہوئی تھیں ۔ اس شادی شدہ زندگی میں تلخیاں اس وقت گھلنا شروع ہوئیں جب رجب بٹ پردوسری لڑکی کے ساتھ مبینہ تعلقات کے الزامات سامنے آئے اور یہ الزامات کسی اور نہیں خود ایمان فاطمہ کے بھائی نے لگائے تھے ۔ اپنے ویڈیو پیغام میں یوٹیوبرکے سالے شیخ عون کا کہنا تھا کہ رجب بٹ نے اہلیہ کو اس وقت دھوکا دیا جب وہ حاملہ تھیں ۔
الزامات پر رجب بٹ نے خاموشی توڑتے ہوئے انسٹا گرام پرایک طویل پوسٹ لکھی ۔ اپنے سالے شیخ عون پر شدید تنقید کی اور کہا کہ ان کے پاس متعدد ریکارڈنگز، اسکرین شاٹس اورچیٹس موجود ہیں جو پوری صورتحال کو واضح کر سکتی ہیں۔ رجب بٹ نے کہا اب وہ خاموش نہیں رہیں گے۔ وہ کبھی نہیں چاہتے تھے کہ یہ معاملات سوشل میڈیا پر لائے جائیں، لیکن اب حد ہو چکی ہے۔ اپنے سالے پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے پوچھا کہ تمہاری تربیت کیا ہے؟ اپنے ہی خاندان کے افراد کے بارے میں ایسے الفاظ استعمال کرنا، فین پیجز سے باتیں کرنا، گروپس بنانا، جھوٹی ذاتی معلومات پھیلانا، لوگوں کو گمراہ کرنا اور ہمدردی کا سمیٹنا، یہ سب کچھ اب بند ہونا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ میری بیوی اور میرا بیٹا تمہارے ہمدردی کے کھیل کا حصہ نہیں ہیں۔
رجب بٹ نے بتایا کہ گزشتہ مہینوں میں ان کے خاندان کے افراد والدہ، بہن اور نو ماہ کے بیٹے کیوان کو بلاوجہ الزامات، تنقید اور نفرت کا سامنا کرنا پڑا، صرف اس لیے کہ وہ سچ کے ساتھ کھڑے رہے اور خاموش رہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے کسی اپنے نے مجھے اکیلا نہیں چھوڑا ، لیکن وہ خاموش نہیں ہوئے۔


