اسلام آباد: حکومت نے مشرق وسطیٰ میں جنگاور عالمی مارکیٹ میں بڑھتی قیمتوں کو جواز بنا کر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 55 روپے فی لٹرکا بڑااضافہ کر دیا۔ وفاقی وزرا نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان کیا۔ ملک میں پٹرول کی نئی قیمت 321.17 روپے فی لٹر جب کہ ڈیزل کی قیمت 275.7 سے بڑھ کر 335 روپے 86پیسے فی لٹرہوگئی ہے۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈارنے وزیر خزانہ اور وزیر پٹرولیم کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کا مشکل فیصلہ کیا ہے۔ توانائی کی ضرورتیں پوری کرنے کیلئے کوشاں ہیں، ایران پرحملےکے بعد عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بےپناہ اضافہ ہوا۔
وزیرپٹرولیم علی پرویزملک نے کہا ملک میں پٹرولیم ذخائر کی اچھی مقدار موجود ہے ۔ صورت حال بہتر ہونے پر قیمتیں کم کردینگے ۔ دوسری جانب مشرق وسطیٰ میں جنگی صورتحال کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار ہے ۔ برینٹ خام تیل 92 ڈالر فی بیرل جبکہ ڈبلیوٹی آئی خام تیل 88 فی بیرل کی سطح پرپہنچ گیا ہے۔


