loader image

Latest News & Article

Post: جی ایچ کیو حملہ کیس، 47 اشتہاری ملزموں کو 10،10 سال قید، 5،5 لاکھ روپے جرمانہ

جی ایچ کیو حملہ کیس، 47 اشتہاری ملزموں کو 10،10 سال قید، 5،5 لاکھ روپے جرمانہ

راولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت نے جی ایچ کیوحملہ کیس میں47 اشتہاری ملزموں کو 10،10 سال قید، 5،5 لاکھ جرمانے کی سزا سنا دی ۔ جائیدادیں بھی ضبط کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔ ملزموں میں عمرایوب، زرتاج گل، مراد سعید، شبلی فراز، حماد اظہر، کنول شوذب ، شیخ راشد شفیق، شہباز گل، ذولفی بخاری، محمد احمد چٹھہ، رائے حسن نواز، رائے محمد مرتضیٰ، شوکت علی بھٹی، عثمان سعید بسرا، اعجاز خان جازی شامل ہیں۔

عدالت نے فیصلے میں کہا سزا پانے والے ملزم 9مئی کے واقعات کی سازش میں ملوث پائے گئے ہیں، جے آئی ٹی رپورٹ نے ملزموں کو پرتشدد احتجاج کی منصوبہ بندی میں ملوث قراردیا، ملزم جی ایچ کیو گیٹ، حمزہ کیمپ، آرمی میوزیم، میٹرو اسٹیشن پر حملوں میں بھی ملوث پائے گئے۔ فیصلہ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے جاری کیا، مقدمے میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی سمیت 118 ملزمان پر دسمبر 2024 میں فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت 47 اشتہاری ملزموں کا علیحدہ ٹرائل چلایا گیا، پراسیکیوشن نے رواں سال 6 جنوری کو اشتہاری ملزمان کے خلاف کارروائی کی درخواست کی تھی، جس پرعدالت نے انکوائری تشکیل دی۔ عدالتی انکوائری میں 47 اشتہاری ملزمان کو دیدہ دانستہ مفرور قرار دیا گیا، اور رپورٹ کی روشنی میں عدالت نے اخبار میں اشتہار جاری کروایا۔

رواں سال 8 جنوری کو 47 مفرور ملزمان کا اشتہار جاری کیا گیا، عدالت نے اشتہاری ملزمان کو 7 دن میں عدالت کے سامنے سرنڈر ہونے کا موقع دیا، عدالتی احکامات اور اشتہار جاری ہونے کے باجود کوئی ملزم عدالت پیش نہیں ہوا، عدالت نے اشتہاری ملزمان کا اسٹیٹ کونسل مقرر کر کے چارج فریم کیا۔ پراسیکیوشن نے 19 گواہان کے بیانات عدالت میں ریکارڈ کرائے، اسٹیٹ کونسل نے استغاثہ کے گواہان پر جرح کی، 47 اشتہاری ملزمان کا ٹرائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ جاری کر دیا، فیصلے میں عدالت نے ملزمان کو 10،10 سال قید، جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیا۔ یاد رہے کہ 9 مئی جی ایچ کیو حملے کا مقدمہ تھانہ آر اے بازار میں درج کیا گیا تھا۔

Share this post :

Facebook
Twitter
LinkedIn