راولپنڈی: پاک فوج نے بلوچستان میں “فتنہ الخوارج” اور”فتنہ الہندوستان” کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ آئی ایس پی آرکے مطابق ہرنائی اوربسیمہ کے اضلاع میں دوالگ الگ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 15 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک کردیے گئے ہیں ۔ صدر، وزیراعظم اور وزیرداخلہ نے کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پانچ مارچ کو ضلع ہرنائی میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کی موجودگی کی اطلاع پرانٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا گیا،،شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد پاک فوج کے جوانوں نے بھارتی اسپانسرڈ12خارجیوں کو جہنم واصل کر دیا۔ ضلع بسیمہ میں دوسری انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی گئی ، فورسز نے جدید ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا اور مزید3 دہشت گردوں ہلاک کردیا ۔ دہشت گردوں سے بھاری اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیزمواد بھی برآمد ہوا ہے
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی فنڈڈ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گےدوسری جانب صدر مملکت آصف زرداری ، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سکیورٹٰی فورسز کو دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پرخراج تحسین پیش کیا ۔ ان کا کہنا تھا دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم فورسز کے ساتھ کھڑی ہے ۔


