کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع تربت کے علاقے بلیدہ میں نامعلوم مسلح افراد کی ایک گھر پر فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے، پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ لاشوں اور زخمیوں کو قانونی کارروائی کیلئے تربت اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب بلوچستان اور خیبر پختونخوا دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سمجھے جا رہے ہیں۔ گزشتہ ماہ کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے منسلک حملوں میں صوبے کے مختلف شہروں کو نشانہ بنایا گیا تھا جن میں 36 شہری اور 22 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں اور آپریشن ردالفساد 1 کے دوران 216 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 2025 کے دوران بلوچستان میں 58 ہزار سے زائد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے جبکہ گزشتہ سال صوبے میں دہشت گردی کے 1,557 واقعات رپورٹ ہوئے۔


