امریکا کے شمال مشرقی ریاستوں کو شدید برفانی طوفان نے لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ پانچ کروڑ سے زائد امریکی شہری الرٹ کی زد میں ہیں ۔ ہزاروں کی تعداد میں پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہے ۔ نیویارک اور نیوجرسی سمیت چھہ ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کی جاچکی ہے ۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق امریکا کی شمال مشرقی ریاستوں میں شدید برفانی طوفان نے معمولات زندگی کو مفلوج کرکے رکھ دیا۔ برفانی طوفان کے باعث نیویارک ، نیوجرسی، ڈیلاویئر،روڈ آئی لینڈ ، کنیٹی کٹ اورمیسا چوسٹس اسٹیٹ میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے ۔۔ امریکا بھرمیں 11 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ جبکہ متعدد تاخیرکا شکارہیں ۔ سب سے زیادہ متاثرہ ہوائی اڈوں میں نیو یارک ، بوسٹن، نیو جرسی ، فلاڈلفیا، بالٹی موراور واشنگٹن ڈی سی کے ایئر پورٹس شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق نیو یارک سٹی میں غیر ضروری سفرپرپابندی عائد کی کر دی گئی ہے۔ میئرزہران ممدانی نے نیویارک سٹی میں اسکول بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق محکمہ موسمیات نے نیو یارک، بوسٹن اور فلاڈلفیا میں 18 تا 24 انچ ، واشنگٹن ڈی سی اور بالٹی مورمیں 5 تا 8 انچ تک برف باری کی پیشن گوئی کی ہےجبکہ برفیلی طوفانی ہواؤں کی رفتار 70 میل فی گھنٹہ تک پہنچنے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔


