پاکستان رینجرزسندھ نے خفیہ معلومات کی بنیاد پرکارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے میانوالی کالونی سے منشیات فروشی میں ملوث گروہ کے چارملزموں کو گرفتارکرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی ۔ ترجمان رینجرز کے مطابق کارروائی کے دوران عجب خان عرف مُنا ولد بہادر خان، زار خان ، ہمت خان اورعامرخان کو گرفتارکرلیا۔ ملزموں کے قبضے سے پستول، 1875گرام چرس اوردو موبائل فون برآمد کرلیے گئے۔ گرفتار ملزم کراچی کے مختلف علاقوں میں منشیات فروشی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ملزم زار خان اور عامر روزانہ کی بنیاد پر تقریباً 2 سے 4 لاکھ روپے مالیت کی منشیات فروخت کر کے رقم گروہ کے سرغنہ عمران عرف چوگی کو پہنچاتے تھے۔ ملزموں کے دیگرساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔ گرفتار ملزموں اسلحہ و ایمونیشن اور دیگر مسروقہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔


