رمضان المبارک میں پانی کی فراہمی متاثر ہونے پر شہریوں کی بڑی تعداد نے کے الیکٹرک کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کو بجلی فراہم کرنے والے متعدد 11 کے وی فیڈرز میں خرابی سامنے آئی ہے جس کے باعث پانی کی ترسیل کا نظام شدید دباؤ کا شکار ہو گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق مرکزی فیڈرز فالٹ اور کیبل خرابی کا شکار ہیں، جبکہ بجلی کی بندش اور اچانک بریک ڈاؤن کے باعث شہر میں پانی کے بحران کا خدشہ مزید بڑھ گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے بغیر کراچی جیسے بڑے شہر میں پانی کی مسلسل سپلائی ممکن نہیں۔ شہریوں نے مراد علی شاہ اور مرتضیٰ وہاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ عوامی حلقوں کا مؤقف ہے کہ کے الیکٹرک انتظامیہ وفاقی و صوبائی ہدایات پر مؤثر عمل درآمد میں ناکام رہی ہے۔ شہریوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کے الیکٹرک کے معاملات کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے اور سخت نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔ ساتھ ہی پمپنگ اسٹیشنز کی بجلی بند کرنے کے ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی اپیل بھی کی گئی ہے۔ شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر پمپنگ اسٹیشنز کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی فوری طور پر بحال نہ کی گئی تو شہر میں پانی کا بحران سنگین صورت اختیار کر سکتا ہے۔


