چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت صوبہ بھر میں فائر سیفٹی سے متعلق ایک اہم اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا، جس میں فائر سیفٹی قوانین پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سیکریٹری بحالی، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے بتایا کہ صوبے بھر میں اب تک 3 ہزار 633 عمارتوں کا معائنہ کیا جا چکا ہے، جن میں سے 3 ہزار 319 عمارتوں کو فائر سیفٹی خامیوں پر نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 889 عمارتیں ہائی رسک قرار دی جا چکی ہیں، جو انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
چیف سیکریٹری سندھ نے واضح ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ میڈیم اور لو رسک عمارتوں کو فوری اصلاحی اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت کی جائے، جبکہ ہائی رسک اور فائر سیفٹی قوانین پر عمل نہ کرنے والی عمارتوں کے خلاف سیلنگ سمیت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور فائر سیفٹی پر کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی


