معروف نعت خواں تابندہ لاری خالق حقیقی سے جاملیں* پاکستان کی معروف اورہردلعزیز نعت خواں تابندہ لاری خالقِ حقیقی سے جاملیں ۔ وہ عارضہ دل کے سبب کچھ روزسےکراچی میں قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (NICVD) میں زیرعلاج تھیں ۔ ان کے انتقال کی خبرسے نعت خوانی کی دنیا میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ۔ تابندہ لاری کا شمار پاکستان کی ممتاز نعت خواں خواتین میں ہوتا تھا۔ انہوں نے اپنی دلنشین آواز، منفرد اندازِ ادائیگی اور خلوصِ نیت کے ساتھ حمد و نعت کی محافل میں ایک نمایاں مقام حاصل کیا ۔ مذہبی ٹی وی چینلز پر ان کی پیش کی گئی نعتیں، حمد اور منقبت انہیں ملک گیر شہرت کا باعث بنیں۔ اپنے طویل فنی سفر کے دوران وہ مختلف معروف نعتیہ پروگراموں کا حصہ رہیں ۔ ان کی نعتوں کا مشہور البم ’دردِ رسول‘ بے حد مقبول ہوا، جو آج بھی مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر سنا جا سکتا ہے۔ ان کی مشہور نعتوں میں ’ہم مدینے سے اللہ‘، ’عشقِ احمد چاہیے‘ اور’میں بھی مدحت کروں عمر بھر آپ کی‘ شامل ہیں ۔ تابندہ لاری کے انتقال سے نعت خوانی کی دنیا میں ایک روشن اور باوقار باب ہمیشہ کے لیے بند ہو گیا ہے۔


