کراچی (12 فروری): خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں عورت فاؤنڈیشن کی 40ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ خواتین کے بغیر نامکمل ہے۔ انہوں نے خواتین کے حقوق کے لیے تنظیم کی چار دہائیوں پر مشتمل جدوجہد کو سراہا اور کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق ہر گفتگو انہیں شہید بینظیر بھٹو کے اس وژن کی یاد دلاتی ہے جس میں خواتین کی ہر شعبے میں بامعنی شرکت پر زور دیا گیا تھا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عورت فاؤنڈیشن کے لیے 5 کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان کرتے ہوئے صنفی مساوات کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
تقریب میں جمہوریت، امن اور سماجی انصاف کے لیے خواتین کی خدمات کو اجاگر کیا گیا جبکہ مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی خواتین اور طالبات کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔


