کراچی کے علاقے پرانا گولیمار میں سندھ رینجرز اورایس آئی یو پولیس سے مقابلے میں دو زخمیوں سمیت چار ملزم پکڑے گئے ۔ ملزموں کا تعلق ۔ بھتہ خور مافیا اور لیاری گینگ وار سے ہے ۔ ترجمان رینجرز نے مطابق جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 4 ملزم راشد عرف چاچو اور عبدالحق عرف ڈاکٹر کو زخمی حالت میں جبکہ ولید عرف ڈاڈا اورمعیزعرف الرٹ بچہ کو اسلحہ اور بھاری مقدار میں منشیات سمیت گرفتارکرلیا گیا۔ ترجمان کے مطابق راشد عرف چاچو اور عبدالحق عرف ڈاکٹر کا تعلق بھتہ مافیا سےمنسلک جمیل چھانگا اور عبدالصمد کاٹھیاواڑی گروپ سے ہے۔ ملزم ولید عرف ڈاڈا کا تعلق لیاری کے منشیات فروش گروہ سے ہے جو بھتہ مافیا ریاض عرف شینا اورزاہد لاڈلا گروپ کے ساتھ منسلک ہے جبکہ ملزم معیزعرف الرٹ بچہ کا تعلق لیاری گینگسٹرارشد پپو گروپ سے ہے۔ گرفتارملزم بلڈروں اور دیگر کاروباری افراد کو دھمکیاں دے کربھتہ وصول کرنے اور فائرنگ کے واقعات میں ملوث تھے ۔ گر فتار ملزمان راشد عرف چاچو اورعبدالحق عرف ڈاکٹر عادی مجرم ہیں اور اس سے پہلے بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔ گرفتارملزمان کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔


